واشنگٹن16اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیکس تفصیلات منظر عام پر لائے جانے کے مطالبے کے ساتھ وسیع تر عوامی مظاہرے ہوئے ہیں۔ واشنگٹن میں ہزارہا شہری ملکی پارلیمان والے علاقے میں جمع ہوئے۔ انہوں نے بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر تحریر تھا کہ آپ کیا چھپا رہے ہیں؟ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران بھی اپنی طرف سے ادا کردہ ٹیکس کی تفصیلات بتانے سے احتراز کیا تھا اور وہ اب بھی یہ نہیں بتانا چاہتے کہ انہوں نے گزشتہ برس کتنا ٹیکس دیا تھا۔ واشنگٹن کے علاوہ نیو یارک، فلاڈیلفیا اور سان فرانسسکو سمیت کئی شہروں میں مظاہرین سڑکوں پر نکلے۔ بتایا گیا ہے کہ اس دوران کم از کم چودہ افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔